ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میونسپالٹی کی جانب سے مارکٹ اور دکانوں کی نیلامی؛ دو لوگوں کی عرضیوں پر سخت اعتراض کے بعد دونوں عرضیاں مسترد

بھٹکل میونسپالٹی کی جانب سے مارکٹ اور دکانوں کی نیلامی؛ دو لوگوں کی عرضیوں پر سخت اعتراض کے بعد دونوں عرضیاں مسترد

Mon, 26 Feb 2018 19:17:23    S.O. News Service

بھٹکل26 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل میونسپالٹی کی سنتے مارکٹ، عام مارکٹ اور مٹن مارکٹ کی دکانوں کی آج پیر کو نیلامی کی گئی، جس کے دوران جب ایک دکان جس کا پرانا کرایہ 1800 روپیہ تھا، نیلامی کے دوران 36 ہزار ماہانہ پر پہنچ گیا تو سابقہ تجربات کی بنیاد پر دکاندار سے کہا گیا کہ وہ آج ہی چھ ماہ کا کرایہ ایڈوانس میں جمع کرائے، اُسی صورت میں وہ یہ دکان 36 ہزار ماہانہ کرایہ پر حاصل کرسکتا ہے، مگر جب وہ یہ رقم بھرنے سے قاصر رہا تو میونسپالٹی نے اُس دکان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔اسی طرح عوام نے دو عرضیوں پر مختلف وجوہات کی بنیاد پر سخت اعتراض کیا اور  دونوں عرضیوں کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا، کافی بات چیت اور غور وفکر کے بعد دونوں عرضیوں کو مسترد کردیا گیا۔

مٹن مارکٹ کی کچھ دکانوں کے لئے پرانے کرایہ داروں نے عرضیاں داخل کی تھیں، اور اُن کی مخالفت میں کوئی عرضی گذار نہیں تھا، اُنہیں  2200 ماہانہ پر دکانیں کرایہ پر دی گئیں، البتہ کچھ دکانوں پر دو اور تین لوگوں نے عرضیاں داخل کی تھیں، جس کی بنیاد پر نیلامی کی گئی اور یہ دکانیں 1800 ماہانہ سے   دس ہزار اور بارہ ہزار روپیہ ماہانہ کرایہ پر نیلام ہوئیں، مگر جب ایک دکان کی بولی 36 ہزار تک پہنچی تو میونسپل حکام نے اس بات کو بھانپتے ہوئے کہ دکاندار اتنا زیادہ کرایہ ادا کر نا ممکن نہیں، چھ ماہ کا کرایہ ایڈوانس ادا کرنے کا حکم دیا، اور ادا نہ کرنے پر اُس دکان کی نیلامی منسوخ کردی گئی۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال اسی طرح کی دکانوں کی نیلامی کے دوران میونسپالٹی کی ایک چھوٹی سی دکان کا کرایہ ایک لاکھ سے تجاوز کرگیا تھا، بعد میں بولی لگانے والے نے دکان سے ہاتھ اُٹھا دیا تھا، جس کی بنیاد پر بولی لگانے کی شرائط کے مطابق پیشگی جمع کی گئی ڈی ڈی کی رقم بلدیہ کے حق میں ضبط ہوگئی تھی

دوپہر تین بجے نیلامی کی کاروائی شروع ہونے سے پہلے ہی عوام نے اس بات پر سخت اعتراض کیا کہ گذشتہ میونسپالٹی دکانوں کی نیلامی کے دوران جن تین لوگوں کو بلیک لسٹ کیا گیا تھا، اُس میں سے ایک شخص کی عرضی اور ڈی ڈی قبول کی گئی ہے۔ جسے وہ ہرگز اس نیلامی میں شریک ہونے نہیں دیں گے۔اسی طرح آج پیر کو دوپہر ایک بجے سے پہلے پہلے ڈی ڈی بھرنے کا وقت دیا گیا تھا، مگر ایک شخص کی ڈی ڈی ایک بجے کے بعد بھی قبول کی گئی ہے۔ ان دو معاملوں  پر کافی گرما گرمی دیکھی گئی، بعد میں میونسپل چیف آفسر عائشہ خانم  اور میونسپل صدرمحمد صادق مٹا نے دونوں کی عرضیوں کو خارج کرتے ہوئے اُن دونوں کو نیلامی کی کاروائی میں شریک ہونے سے روک دیا اور عوام کو اطمینان دلایا کہ جواُصول اور ضوابط پہلے سے طئے ہیں، اُسی کے مطابق دکانوں کی نیلامی ہوگی۔

نیلامی کی کاروائی میں کافی لوگوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر میونسپل صدر محمد صادق مٹا، چیف آفسر عائشہ خانم ، نائب صدر محمد اشفاق کے ایم، اسٹائنڈنگ کمیٹی کے چیرمین عبدالرحیم ،  کونسلرس وینکٹیش نائک، عبدالروف نائطے،عبداللہ خطیب اور میونسپالٹی کے کافی دیگر آفسران اور اہلکار موجود تھے۔


Share: